وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی این ڈی ایم اے ، صوبائی حکومتوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں سروے تیز کرنے کی ہدایت

64
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی این ڈی ایم اے ، صوبائی حکومتوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں سروے تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے)، گلگٹ بلتستان (جی بی) سمیت تمام صوبوں کو سیلاب زدہ علاقوں خاص طور پر بلوچستان کے وہ علاقے جہاں زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، میں ریلیف اسسمنٹ سروے کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات وفاقی وزیر نے فلڈ ریلیف کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں سے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف کی سرگرمیوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

یہ کمیٹی وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں حالیہ سیلاب کے بعد تشکیل دی تھی جس کی سربراہی پروفیسر احسن اقبال کرتے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ ، سیکرٹری منصوبہ بندی، سیکرٹری ، چیئرمین این ڈی ایم اے ، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ، سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے صوبائی سربراہان نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا تھا جبکہ صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ انہیں تباہی سے متاثرہ علاقے قرار دیں۔ اس سلسلے میں پچھلے ہفتے پروفیسر احسن اقبال نے بلوچستان ، سندھ ، خیبر پختونخوا ، پنجاب کے وزراء اعلیٰ جبکہ وزیراعظم اے جے کے اور جی بی کو خطوط بھی لکھے تھے تاکہ مربوط اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس کے دوران اے جے کے اور جی بی سمیت تمام صوبوں کے نمائندوں نے حکام کو سیلاب کے فورا بعد اٹھائے جانےوالے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائیں جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ امدادی ریلیف کے سروے کی تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ بحالی کا عمل شروع کیا جاسکے۔

اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضرورت مند لوگوں کو نقد رقم کی فراہمی کے لئے بی آئی ایس پی میں شامل کریں، اس سلسلے میں بی آئی ایس پی صوبوں کے ساتھ رابطے کو یقینی بنائے گی تاکہ فوری نقد رقم کی فراہمی متاثرین سیلاب کو جلد کی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے سب سے زیادہ مستحق لوگوں ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے حکام کو نقصان کی تشخیص کے سروے بھی مکمل کرنے کی ہدایات دیں جو سیلاب کی سرگرمیوں کا دوسرا مرحلہ ہے۔

اجلاس کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے آگاہ کیا کہ اتھارٹی پہلے ہی صوبوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے متعلق تمام اعداد و شمار کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد ، بحالی اور تعمیر نو کے لئے شیئر کیا جائے گا۔