اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک ایسی فلاحی ریاست بنایا چاہتے ہیں جو ہر شہری کا ماں کی طرح خیال رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کا 75واں جشن آزادی منانے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پرچم کشائی کی منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر جشن آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا تھا اور ہم پاکستان کو ایک ایسی فلاحی ریاست بنایا چاہتے ہیں جو ہر شہری کا ماں کی طرح خیال رکھے۔ انہوں نے پاکستان کی پلاٹینم جوبلی منانے پر قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ ہماری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے 16اگست کو آل پارٹیز استحکام معیشت کانفرنس منعقد کرنے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کاوش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی 75سالا تاریخ کے دوران پاکستان کو کئی نشیب و فراز کا سامنا رہا ہے تاہم ہم نے بانی پاکستان کے سنہری ایجنڈے پر کام کر کے پاکستان کو دنیا کی ایک عظیم قوم بنانا ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ کاروبار کیلئے مزید سازگار ماحول پیدا کر کے ہی پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنایا جا سکتا ہے اور عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا75واں جشن آزادی ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایمانداری، محنت اور لگن سے کام کریں اور ذاتی مفاد پر ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم کا ہر فرد پاکستان کو مضبوط و مستحکم ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معیشت کو بہتر کرنے کی کوششوں میں تاجر برادری حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی تا کہ پاکستان کو خوشحال ملک بنایا جا سکے۔