اقوام متحدہ دہشت گردی کے متاثرین کو کبھی فراموش نہیں کرے گا، انتونیو گوتریش

66

اقوام متحدہ۔ 18اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے متاثرین اور بچ جانے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے جاری وڈیو پیغام میں کہا کہ دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراج عقیدت کا عالمی دن ہر سال 21 اگست کو منایا جاتا ہے۔

اس دن کے موقع پرآئیے ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ دہشت گردی کے متاثرین اور بچ جانے والوں کا خیال رکھیں گے اور انہیں کبھی فراموش نہیں کریں گے،ہم متاثرین کے دکھ درد اور تکالیف میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے اس جنگ میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ،ہم دہشت گردی کی گھنائونی کارروائیوں سے متاثرہ زندہ بچ جانے والوں کی آواز کو بلند کرنے ان کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کے حصول کے لیے ہر ممکن مدد کرنے کا عہد کرتے ہیں اور رکن ممالک کو قانونی، طبی، نفسیاتی اور مالی امداد فراہم کرنے کے لیے متحرک کریں گے۔

انتونیو گوتریش نے کہا کہ اس بین الاقوامی دن کا موضوع یادوں کی اہمیت پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر متاثرین ابتدائی طور پر خود کو بے سہارا محسوس کرتے ہیں، متاثرین اور بچ جانے والوں کو یاد رکھنا اور ان کی عزت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ دہشت گردی کے متاثرین کی عالمی کانگریس میں زندہ بچ جانے والوں سے ان کی ضروریات اور پیش آنے والے چیلنجوں بارے سننے کے لیے بے تاب ہیں۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا عالمی دن 2017 کو عالمی سطح پر منانے کا اعلان کیا تھا ۔