شہزادی ڈیانا کی 25ویں برسی 31اگست کو منائی جائے گی

216
شہزادی ڈیانا کی 25ویں برسی 31اگست کو منائی جائے گی

لندن۔22اگست (اے پی پی):برطانوی شہزادی ڈیانا کی 25ویں برسی 31اگست کو منائی جائے گی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادی ڈیانا فرانسس سپنسر یکم جولائی 1961 کو پارک ہائوس انگلینڈ میں پیدا ہوئیں،1981 میں ان کی منگنی برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس سے ہوئی اور پھر 1981 میں ہی ان کی شادی ہوئی جس کے بعد انہیں پرنسس آف ویلز کا خطاب ملا ۔ 1992 میں شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔

شہزادی ڈیانا کا انتقال 31اگست 1997 کو پیرس میں ایک کار حادثے میں ہوا ۔ اس وقت ان کی عمر 36 سال تھی۔ ان کی کار کو پیش آنے والا حادثہ پریس فوٹو گرافرز کی طرف سے ان کا پیچھا کرنے کا نتیجہ تھا جس پر سات فوٹو گرافرز کو گرفتار بھی کیا گیا۔ حادثے کے وقت شہزادی ڈیانا کے ساتھ ان کے مصری دوست دودی الفائد بھی موجود تھے۔

حادثے میں دودی الفائد او رشہزادی ڈیانا کے ڈرائیور ہنری پال موقع پر دم توڑ گئے جبکہ شہزادی ڈیانا کا انتقال پیرس کے پیتی سال پتریری ہسپتال میں صبح چار بجے ہوا۔ اس وقت ان کے بڑ ے بیٹے شہزادہ ولیم کی عمر 15 سال اور چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری کی عمر 12 سال تھی۔

ان کی موت پر برطانوی ذرائع ابلاغ کو ان کی ذاتی زندگی میں مداخلت کے الزامات پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ۔دنیا بھر میں لوگوں ، برطانوی شہریوں خاص طور سے دارالحکومت لندن کے مکینوں اور اس وقت کے برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئرنے شہزادی ڈیانا کی موت پر بے انتہا رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا۔ ٹونی بلیئر نے انہیں عوام کی شہزادی کا خطاب دیا۔ لندن کے مکنیوں نے شہزادی ڈیانا کی یاد میں ان کی رہائش کے باہر پھولوں کے ڈھیر لگا دیئے۔

وہ تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرنے کے لئے 11 گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑے رہے۔ انہوں نے شہزادی ڈیانا کو اپنے دلوں کی ملکہ قرار دیا اور برطانوی شاہی خاندان کو ان کی موت پر سرد مہری کا رویہ اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔لندن کے دس لاکھ مکنیوں نے ان کی میت کے راستے میں کھڑے ہوکر ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور دنیا بھر میں اڑھائی ارب لوگوں نے ٹی وی سکرینوں پر ان کی تدفین کے مناظر دیکھے۔