اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی کی فسطائت زیادہ دیر نہیں چلے گی، عمران خان اور اس کے حواریوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائےگااورڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
پیر کو یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ ملک دشمن بیانیے کو پروان چڑھا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف ملک بھر میں سیلاب زدگان کے لئے امداد ی سرگرمیو ں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے خاتون جج کا نام لے کردھمکی دی ہے ۔ انہیں چاہیے کہ وہ سرکاری اہلکاروں کو ڈرانے کاوطیرہ ترک کریں۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پرویز الہٰی کی فسطائیت زیادہ دیر نہیں چلےگی ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانامشہود نے کہاکہ آئین اورقانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔ ایسے عناصر کاہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کےحواریوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔