شاہین آفریدی کی کمی محسوس ہوگی، نیدرلینڈز کے خلاف جیت کا کریڈٹ بائولرز کو جاتا ہے، بابراعظم

104
babar azam

روٹرڈیم۔22اگست (اے پی پی):قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ نیدرلینڈز کے خلاف جیت کا تمام کریڈٹ بائولرز کو جاتا ہے، شاہین شاہ آفریدی کی ایشیا کپ میں کمی محسوس ہوگی، نوجوان کھلاڑی آگے آکر اپنا ٹیلنٹ دکھائیں۔

پیر کو پی سی بی آفیشل پر اپنے ویڈیو پیغام میں بابراعظم نے کہا کہ نیدرلینڈز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ہمارا یہی پلان تھا کہ مشکل کنڈیشنز میں بیٹنگ کر کے سکور کریں، پہلے دس اوورز میں وکٹ بہت مشکل تھی بائولرز کو مدد مل رہی تھی، ہماری یہی کوشش تھی کہ پارٹنر شپ قائم کرکے سکور کو لمبا لے کر جائیں، ان سخت کنڈیشنز میں بیٹرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ بحیثیت کپتان میرا یہی ٹارگٹ تھا کہ ہم مشکل کنڈیشنز میں پہلے بیٹنگ کرکے ٹارگٹ سیٹ کریں اور ہمارے بائولرز اس ٹارگٹ کا دفاع کریں۔

انہوں نے کہا کہ جیت کا سو فیصد کریڈٹ بائولر کو دوں گا، ہماری فیلڈنگ بھی بہت اچھی رہی جس سے نیدرلینڈز پر دبائو بڑھا۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ نے نئے بال سے شاندار بائولنگ کی، اس کے بعد اس نے آخری اوورز میں جس طرح فنش کیا وہ شاندار تھا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ کی کمی محسوس ہو رہی ہے، شاہین کی غیر موجودگی میں نئے کھلاڑیوں کے لئے موقع ہے وہ آگے آئیں اور اپنا ٹیلنٹ دکھائیں۔ بابر اعظم نے نیدرلینڈز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نے بیٹنگ بائولنگ اور فیلڈنگ میں ٹف ٹائم دیا اور ہوم کنڈیشنز کا بہترین استعمال کیا، انہیں دیکھ کر بہت اچھا لگا، امید ہے وہ آگے چل کر اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر بنائیں گے

۔ انہوں نے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شائقین مختلف شہروں سے ہمیں سپورٹ کرنے کے لئے گرائونڈ میں آئے، ان کا شکر گزار ہوں۔