سپیکر اور قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی کا بلوچستان ،سندھ، جنوبی پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں سیلاب اور بارشوں سے جانی اور مالی نقصانات پر اظہار افسوس

120

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے بلوچستان ،سندھ، جنوبی پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

سپیکر اور قائم مقام سپیکر نے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں پوری قوم سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے حکومت کو ہدایت کی کہ سیلاب میں پھنسے ہوے افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے، متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی اور متاثرین کی جلد بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے عوام اور مخیر حضرات سے امدادی کاروایوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے ،متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے کام کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے اور پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرانے کا کہا۔

سپیکر اور قائم مقام سپیکر نے اللہ تعالی سے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لئے حوصلہ اور ہمت عطا فرمانے کی دعا کی۔ انہوں نے سیلاب کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی اور متعلقہ حکام کو انہیں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔