وزیراعظم شہباز شریف نے سکھرمیں سیلاب متاثرین کے کیمپ کا معائنہ کیا،سیلاب سے نقصانات، متاثرین کی بحالی کےاقدامات پربریفنگ دی گئی

248

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکھرمیں سیلاب متاثرین کے لئے لگائے گئے کیمپ کا معائنہ کیا۔ جمعہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سندھ کےسیلاب سے متاثرہ علاقوں کے ایک روزہ دورہ پر سکھر پہنچے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیربھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم کو سیلاب زدگان کی دیکھ بھال کیلئے لگائے گئے فری میڈیکل کیمپ کا دورہ کرایا گیا۔

سکھر کی ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے نمائندے نے سیلاب سے ہونے والے نقصانا ت اور متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سیلاب سے انفراسٹرکچر اور فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔متاثرین کیلئے 90 عمارات میں عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں اور میڈیکل ٹیمیں اورموبائل ہسپتال بھی کام کررہے ہیں،

پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے نے متاثرین کی کافی مدد کی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان آرمی اورنیوی بھی بھرپور مدد فراہم کررہی ہے۔ وزیراعظم کومتاثرین کی بحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور ضروریات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔