پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایمپائرز کی استعداد بہتر کرنے کے لئے نئے ایمپائرز کی تلاش اور تربیت کے حوالے سے پروگرام جاری

226
Pakistan Hockey Federation
Pakistan Hockey Federation

راولپنڈی۔28اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ایمپائرز کی استعداد بہتر کرنے اور امپائرنگ پول کو بڑھانے کے لئے نئے ایمپائرز کی تلاش اور تربیت کے حوالے سے پروگرام جاری کر دیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ریسرچ و ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ ایمپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی تربیت اور آن لائن ورکشاپس/کورسز کرائے جائیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ ایمپائرز مینجر راشد محمود بٹ کو ایمپائرنگ کمیٹی کا کنوینیئر تعینات کر دیا ہے جو ملک بھر میں آن لائن ہاکی ایمپائرنگ ورکشاپس/ کورسز منعقد کریں گے

جبکہ صوبائی لیول پر ایمپائرنگ کمیٹیاں راشد محمود بٹ تعینات کریں گے، صوبائی ایمپائرنگ کمیٹیوں کے ذریعہ گراس روٹ لیول پر نئے ایمپائرز کی تربیت اور آن لائن کورسز کرائے جائیں گے جس میں سے باصلاحیت مرد و خواتین ہاکی ایمپائرز کو ضلعی، صوبائی اور قومی ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، پی ایچ ایف کی جانب سے تمام صوبائی یونٹس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنے موجودہ اور نئے ایمپائرز کی تربیت اور کورسز کے حوالے سے نامزدگیاں 10 ستمبر تک بھجوا دیں۔