برطانیہ نے پاکستان کو نئی تجارتی سکیم میں شامل کر لیا، صدر برٹش پاکستان فرینڈشپ کونسل ارباب خان

342

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):برٹش پاکستان فرینڈشپ کونسل نارتھ ویسٹ یو کے کے صدر محمد ارباب خان نے کہا ہے کہ برطانیہ آئندہ سال کے شروع میں ”ترقی پذیر ممالک ٹریڈنگ سکیم“ کا آغاز کر رہا ہے جسکے تحت پاکستان سمیت 65 ممالک کو ٹیرف میں کمی اور آسان شرائط پر تجارت کی سہولیات حاصل ہوں گی۔

اتوار کو زوم کے ذریعے یو کے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی سی ٹی ایس یو کے ترجیحی تجارتی نظام جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنس (جی پی ایس) کی جگہ لے گا جو مختلف مصنوعات پر ٹیرف کے خاتمہ اور اس میں کمی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

پاکستان سے برآمد ہونے والی 94 فیصد اشیا کو برطانیہ تک ڈیوٹی فری رسائی کا فائدہ ہو گا جس سے ٹیرف میں 120 ملین پائونڈ کی بچت ہو گی جبکہ بیڈ لینن، جینز اور دیگر اشیا پر 250 ملین پاونڈ کی بچت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری یو کے انٹرنیشنل ٹریڈ این میری ٹریولین نے اس سکیم کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی ٹی ایس کے تحت 156 سے زائد اضافی مصنوعات پر ٹیرف ختم ہو گا اور اس کے تحت بعض سیزنل ٹیرف کو بھی آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم 2.9 ارب پاونڈ سالانہ ہے جو اگلے سال ڈی سی ٹی ایس کے نفاذ کے بعد نئی بلندیوں تک پہنچنے کی امید ہے۔

انہوں نے برطانیہ میں نئی منڈیوں کی تلاش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو کے پاکستان بزنس کونسل سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔