انجنیئر امیر مقام کا شانگلہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا رات گئے دورہ،این ایچ اے کو تمام شاہراہوں کی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت

182
Engineer Amir Muqam
Engineer Amir Muqam

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، انجنیئر امیر مقام، نے شانگلہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا رات گئے دورہ کیا۔ مختلف مقامات پر لوگوں سے ملاقات کی اور عوام میں گھل مل گئے۔ مشیر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور املاک کے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے شاہراہوں پر آمد و رفت کا جائزہ لیا اور کروڑہ کے مقام پر آر۔ایچ۔سی کی تباہ شدہ عمارتوں کا معائنہ کیا۔ مشیرِ وزیراعظم نے شاہ پور۔کانا روڈ اور رانیال کے مقام پر تباہ شدہ شاہراہوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے این۔ایچ۔اے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ ان شاہراہوں پر آمد و رفت ہر صورت اور جلدازجلد ممکن بنائی جائے۔ انجنیئر امیر مقام نے اس موقع پر بجلی کی ترسیل کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے شانگلہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران بشام (شنگ) کے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے دو نوجوان بھائیوں شیر عالم خان اور محمد عالم خان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کیساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے مرکزی حکومت کی جانب سے فی کس دس لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی ارشاد خان، سابق تحصیل ناظم طاہرخان بھی موجود تھے۔