اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):یورپی یونین ، بیلجیئم اور لیگسمبرگ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے اتوار کو بیلجیئم میں مقیم پاکستانی برادری کو ایک ملاقات کے دوران ملک میں سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ دی ۔پاکستانی سفارتخانہ برسلز سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کا مقصد ملک بھر میں حالیہ تباہ کن سیلابوں کی صورتحال سے پاکستانی برادری کو آگاہ کرنا اورسیلاب سے متاثرہ آباد ی کے لئے بیلجیئم سے ریلیف اور امداد کی صورتحال کے حوالے سے مشاورت تھی۔
اس موقع پرپاکستانی سفیر نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی صورتحال ہے جس کے نتیجے میں 1033سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 348بچے بھی شامل ہیں جبکہ 355بچوں سمیت 1527افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 33ملین سے زیادہ افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ حالیہ سیلاب کے نقصانات 2010کے سیلاب کے مقابلہ میں کہیں زیادہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق 3451.5کلو میٹر سڑکیں ، 149پل اور 9لاکھ 49ہزار 858گھر تباہ ہوئے جبکہ سیلاب اور بارش سے متاثرہ 116اضلاع میں 7لاکھ 19ہزار 558جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں، ملک بھر میں 66اضلاع کو سرکاری طور پر آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) مسلح افواج ، سول سوسائٹی ، مخیرحضرات اور فلاحی اداروں کی جانب سے ملک میں جاری ریلیف اور امدادی کام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جن کو ضروریات زندگی کی سخت ضرورت ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان نے دوست ممالک ، ڈونرز اور عالمی مالیاتی اداروں تک پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی مدد اور تعاون حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے پاکستانی برادری سے اپیل کی کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے حکومت پاکستان کی کاوشوں میں شامل ہوں اور خوراک ، پینے کے صاف پانی ، ادویات اور خیموں سمیت دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی سے اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کریں۔
وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے پاکستانی برادری کو بتایا کہ یہ فنڈ متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے آئی بی اے این نمبرز کے تحت عطیات بھیجنے کے طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر پاکستانی برادری سے تعلق رکھنے والے اہم افراد نے بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی اور بنیادی ڈھانچے کے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے ملک میں پاکستانی سفیر کو ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کے حوالے سے ہر طرح کی ممکنہ معاونت کا یقین دلایا۔انہوں نے اس امر سے بھی اتفاق کیا کہ ریسکیو اور ریلیف کی ضروریات کی تکمیل کے لئے پاکستانی برادری سمیت مقامی افراد سے بھی رابطوں کو یقینی بنایا جائے گا۔