اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):ماہ صفر المظفر 1444ھ کا چانددیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت زونل رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بمقام ایوان اوقاف نزد شاہ چراغ بلڈنگ ہائی کورٹ لاہورمیں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزرات مذہبی امور پاکستان سے نصیرالدین،محکمہ اوقاف پنجاب سے آصف اعجاز، فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے چوہدری محمداسلم اورٹیلیفون پروزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین،محکمہ موسمیات سے چیف میٹ سردار سرفراز، محکمہ سپارکو سے غلام مرتضیٰ نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔
زونل رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کے جو اراکین اجلاس میں شریک ہوئے ان میں مفتی محمد رمضان سیالوی،مفتی محمد اسحاق ساقی،مولانا حافظ زبیر حسن،رانا محمد شفیق خان پسروری،علامہ محمد افضل حیدری،علی حسین و دیگر شامل تھے ۔اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد،کوئٹہ،پشاور،کراچی میں منعقد ہوئے۔
جس میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے ممبران اور فنی ماہرین نے بھی شرکت کی۔ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد چیئر مین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان نے روئت ہلال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا اور پاکستان کے مختلف مقامات سے ماہ صفرالمظفر1444ھ کاچاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں ،جن میں اسلام آباد،بنوں،پنجگور،کوئٹہ و دیگر مقامات پر چاند نظر آ گیا ہے لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم صفرالمظفر1444ھ 29 اگست2022ء بروزپیر کو ہوگی۔
مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اس موقع پر کہا کہ ملک سیلاب کی زد میں ہے پوری قوم سے میں اپیل کرتا ہوں کہ مشکل کی اس گھڑی میں بڑھ چڑھ کر سیلاب زدگان کی مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں افواج پاکستان،حکومت پاکستان، صوبائی حکومتیں اور این جی اوز جو کام کررہی ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت،مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور سیلاب زدگان اورشہداء کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔