پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا اجلاس، رواں مالی سال کے بجٹ کی منظوری، اٹک بلائنڈ کرکٹ کلب کی رکنیت بحال

85

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گذشتہ مالی سال کے اخراجات اوررواں مالی سال 23-2022کے بجٹ کی منظوری دیدی ہے جبکہ اٹک بلائنڈ کرکٹ کلب کی رکنیت بحال کردی ہے۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تمام ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گذشتہ مالی سال 22-2021 کے اخراجات کا جائزہ اور رواں مالی سال 23-2022کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں اٹک بلائنڈ کرکٹ کلب کی رکنیت بحال کردی ہے کیونکہ اٹک بلائنڈ کرکٹ کلب کو نظم وضبط کی خلاف ورزی پر اس کی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔ اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر عامر زبیری کوپی بی سی سی کی نیشنل کونسل میں شامل کیا گیا جن کا تعلق بہاولپور سے ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ مالی سال کا بجٹ 30.06ملین روپے تھا جبکہ رواں مالی سال کے بجٹ کو کم کرکے20.58رکھا گیا ہے کیونکہ رواں سال صرف ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں زیادہ بین الاقوامی ایونٹس کا انعقاد ہوا تھا۔