آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی پاکستان کی معیشت کے لئے مثبت پیشرفت ہے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف

91

اسلام آباد۔29اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو پاکستان کی معیشت کے لئے مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا ، پروگرام کی بحالی کے لئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں ، آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا ہے ۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہوکر نکلا ہے ، آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خودانحصاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا ، پروگرام کی بحالی کے لئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں ، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو اور آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے پرامید ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔