پوری دنیا اور پاکستانی عوام امدادی کارروائیوں میں بڑی چڑھ کر حصہ لیں ،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے عمل میں مدد کریں، وفاقی وزیر احسن اقبال

114

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے پوری دنیا اور پاکستانی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں میں بڑی چڑھ کر حصہ لیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے عمل میں مدد کریں، سیلاب سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی اور ابتدائی تخمینے کے مطابق پاکستان کو تقریباً 10ارب ڈالر سے زیادہ بحالی کیلئے درکار ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں دفتر خارجہ میں حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے مشترکہ پاکستان فلڈ رسپانس پلان 2022 کے آغاز کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ چار سال ملک کی تباہی کے تھے، سیلاب پروٹیکشن پروگرام پر ایک روپیہ خرچ نہیں کیا گیا، ہر شعبے کی کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔

ان بارشوں اور سیلاب سے معیشت بری طرح متاثر ہوئی اور ابتدائی تخمینے کے مطابق پاکستان کو تقریباً 10ارب ڈالر سے زیادہ بحالی کے لئے درکار ہوں گے اور مختلف شعبوں میں جو نقصان ہوا ہے ہمیں اس کو پورا کرنے کے لیے بڑا سرمایہ درکار ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اخراجات میں کٹوتی اور سیلاب زدگان کو زیادہ سے زیادہ سامان کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں، ہم پاکستان کے ترقیاتی بجٹ کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور اس میں سے بھی بچت کر کے فنڈز کو لوگوں کی بحالی اور متاثرہ علاقوں کی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا، یہ بہت بڑا چیلنج ہے جس کا مقابلہ پوری قوم نے مل کر کرنا ہے ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امدادی کارروائیوں میں بڑی چڑھ کر حصہ لیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے عمل میں مدد کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری اور صاحب ثروت افراد دل کھول کر حصہ لیں، اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کے لیے موقع ہے کہ وہ دل کھول کر عطیات دے سکتے ہیں ، اگر وہ کام کرنا چاہتے ہیں تو ہم ان کو ہر طرح کی سہولت دیں گے، یہ وقت ہے کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو دوبارہ کھڑا کرنا ہے، تباہی بہت بڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب ہماری حکومت آئی تو پاکستان فلڈ پروٹیکشن پروگرام جاری تھا جس نے 2010 میں آنے والے سیلاب کی روشنی میں 10سالہ سیلاب سے بچاؤ کی منصوبہ بندی کی، پلان کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل نے دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ (یو این) ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر کی پاکستان کے لئے امداد کی کوششیں قابل تعریف ہیں، بارش اور سیلاب سے کپاس کی پچاس فیصد فصل متاثر ہوئی ہے، امید ہے عالمی برادری پاکستان کی مدد کے لئے آگے آئے گی۔