سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کو گرفتار کر کے تحقیقات کی جائیں ،میاں جاویدلطیف

110

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرمیاں جاویدلطیف نے کہاہےکہ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین کو گرفتار کر کے تحقیقات کی جائیں اور ملک کے خلاف عالمی سازش کو بے نقاب کیاجائے، باربارمعافیاں مانگنے والااور لوگوں کوبغاوت پراکسانے والاکٹہرے میں نہ آئے یہ تسلیم نہیں کریں گے۔

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں قدرتی آفت ہے ، سیلاب سے ملک میں بہت بڑی تباہی ہو چکی ہے جس سے قیمتی جانوں کے ضیاع سمیت لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے ۔

ان نقصانات کوپوراکرنے میں ہمیں کئی سال لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال میں معاشی تباہی نہ ہوئی ہوتی تو نقصان جلدپوراکیاجاسکتاتھا۔ میاں جاویدلطیف نے کہاکہ پی ٹی آئی ارکان سیلاب زدگان کی مدد نہ کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹیلی فون کالز کی ریکارڈنگ کے حق میں نہیں ہوں ، یہ جرم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کا کام قومی مفادات اور ریاست کاتحفظ ہے اور ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ ریاست اور اداروں کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کریں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیاریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں کہ ان کی دھمکیوں میں آجائے۔ آج بھی وہ لاڈلاہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بے گناہ ہونے کے باوجود باہر رکھاجائے،یہ انصاف نہیں ہے اور گھڑی چور عمران ملک کے لئے آفت ہے۔ لاڈلا اگرنوکری پرلگاہو تو ٹھیک اور اسے دوبارہ نوکری پرلے آئیں تو سب کچھ ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس فتنے کو روکنے کے لئے شوکت ترین کو گرفتار کرکے آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور ملک کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب کیاجائے کیونکہ عمران خان کو کٹہرے میں لایا جائے توعالمی سازشوں کے تانے بانے آسانی سے مل جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ مجھے عدلیہ کا بہت احترام لیکن شوکت عزیز صدیقی کی گفتگو کو بھی سنا جائے اور مخدوم جاوید ہاشمی نے جو کچھ دیکھا اور جوکچھ انہوں نے کہاکہ تھااس کو مد نظر رکھتےہوئے ایک کمیشن بنا کران کو سناجائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ سمندرپار پاکستانی 5 ارب سے زیادہ پیسے بھیجیں ۔