دبئی۔1ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا، سری لنکا نے 184 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا’ کوشل مینڈس کو 37 بالوں پر 60 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا’ اس شکست کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ایشیا کپ سے باہر ہوگئی۔
جمعرات کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ایشیا کپ کے گروپ بی کے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ اوپنر مہدی حسن 38 اور عفیف حسین 39 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
کپتان شکیب الحسن 24 اور محمد اللہ 27 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ مصدق حسین نے 9 بالوں پر 24 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ سری لنکا کی طرف سے ونیندو ہسارانگا اور کرونارتنے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ دلشان مدوشنکا ‘ مہیش تھکشانا اور فرنینڈو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیشی اننگز کے جواب میں سری لنکا نے 184 رنز کا مطلوبہ ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور کی دوسری بال پر حاصل کرلیا جبکہ ابھی اس کی دو وکٹیں باقی تھیں۔ کوشل مینڈس نے 37 بالوں پر 60 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔
کپتان داسن شناکا نے 33 بالوں پر 45 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹی ٹونٹی میں بنگلہ دیش کی طرف سے ڈیبیو میچ کھیلنے والے عبادت حسین نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔
تسکین احمد نے دو جبکہ مستفیض الرحمان اور مہدی حسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ کوشل مینڈس کو بہترین اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد سری لنکن ٹیم ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں پہنچ گئی جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔