گاہکوچ ۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے دورہ گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے 3 ارب روپے دینے کا اعلان کیا،سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے جمعہ کو گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پبلک پالیسی /سٹریٹجک کمیونیکشن فہد حسین بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم کوحکومت گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ غذر کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ سیلاب کے بعد مجموعی طور پر 10000 کنال زرعی اراضی متاثر ہوئی ، 1000 سے زائد مکانات کو جزوی یا مکمل طور پر نقصان پہنچا ۔ درجنوں پل، سینکڑوں واٹر سپلائی لائنیں اور واٹر چینلز تباہ ہو گئے۔ علاوہ ازیں سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں کلومیٹر سڑک کا بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہو چکا ہے۔بریفنگ اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 3 ارب روپےدے جائیں گے۔
وزیر اعظم کی جانب سے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی خاندان دینے کا اعلان کیا گیا۔وزیر اعظم نے ضلع غذر کے گائوں بوبر کے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔بوبر گائوں کے 17 افراد سیلاب سے جاں بحق ہوئے۔گائوں بوبر کے سیلاب متاثرین میں خصوصی صلاحیتوں کی حامل بچی بھی شامل تھی جس کے خاندان کے بیشتر افراد سیلاب میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔
وزیر اعظم نے بچی سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا اوراس کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کے لئے 50لاکھ روپے کا اعلان اور اس کے نام پر اینڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعظم کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ 10 یونین کونسلز کے متاثرہ خاندانوں کو 25000 روپے فی خاندان دیۓ جائیں گے۔
وزیر اعظم نے ضلع غذر کے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے گائوں بوبر کے لیے 100 ملین روپے فنڈ اور وفاقی گرانٹ کے ذریعے گائوں بوبر کے لیے 5 کلومیٹر پختہ سڑک کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے نیشنل ہائی وے ااتھارٹی کو ضلع غذر میں 6 تباہ شدہ پلوں کی تعمیر میں مدد کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان مل کر کو فوری طور پر سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگائیں۔