اسلام آباد ۔ 7 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گلی کوچوں میں اڑنے والی خاک سے لے کر اقتدار کے پیچیدہ مسائل تک کی واحد اور بنیادی وجہ یہی رہی ہے کہ ووٹ کی اہمیت کو تسلیم نہیں کیا گیا یا ووٹ کے نتیجے میں ہونے والے فیصلوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔ یہی وہ بنیادی نکتہ ہے جسے نہ سمجھنے کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں سیاسی اور انتظامی مسائل پیدا ہوئے اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ان میں بگاڑ پیدا ہوتا چلا گیا۔ یہ بات انہوں نے ایوان صدر میں رائےدہندگان کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کے پہلے عام انتخابات کی مناسبت سے 7 دسمبر کو منایا جا رہا ہے، اس سے ووٹ کی اہمیت، افادیت اور حرمت کو اجاگر کیا جا سکے گا جس کے نتیجے میں وطن عزیز میں جمہوریت کی بنیادیں مزید مستحکم ہوں گی۔ اس سلسلے میں ایک متفقہ اور جامع ضابطہ اخلاق بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32523