وزیر اعظم کے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔ مریم اورنگزیب

215

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے اعلان کردہ ریلیف پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے حکم پر فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ ریلیف کے تحت 300اور اس سے کم یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے بجلی کے بلوں میں فیول چارج ایڈجسٹمنٹ وصول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر نئے بلوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور بل ادائیگی کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو شہری بل ادا کر چکے ہیں ان کے آئندہ ماہ کے بلوں سے مذکورہ رقم کم کر دی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ وزارت توانائی کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن بھی شیئر کیا۔