اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرغستان میں ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر فدا حسین بلوچ کو مبارکباد دی ہے۔
اتوار کو ڈاکٹر عارف علوی نے فدا بلوچ کو ایونٹ میں ”ایلیٹ پرو کارڈ” کے حصول پر بھی مبارکباد دی ہے۔
ایوان صدر میڈیا ونگ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدرمملکت نے کہا کہ جذبہ اور جدوجہد کسی بھی شعبے میں کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے پاکستان کیلئے اعزازات حاصل کرنے اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے پر پاکستانی کھلاڑیوں اور ایتھلیٹس کی کامیابیوں پر اظہار مسرت کیا۔
واضح رہے کہ دس پاکستانی باڈی بلڈرز نے ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں 14 مختلف کیٹگریز میں حصہ لیا اور کامیابیاں سمیٹیں۔