راولپنڈی۔5ستمبر (اے پی پی):نیشنل ٹی 20 کپ کے میچ میں بلوچستان نے ناردرن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 19 رنز سے شکست دے دی، ناردرن کی ٹیم 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی، سہیل تنویر نے 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، حسین طلعت کو 3 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا، بلوچستان کی اس ایونٹ میں 4 میچ کھیل کر تیسری کامیابی ہے اور وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔
پیر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 12 ویں میچ میں بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے ، حسیب اللّٰہ نے 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، شان مسعود نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 29 گیندوں پر ناقابل شکست 45 رنز بنائے ، اسد شفیق اور حارث سہیل 34، 34 رنز کی اننگز کھیلی، ناردرن کے سہیل تنویر اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔
ناردرن کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے ، سہیل تنویر نے دھواں دار بیٹنگ کی اور 41 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے شامل تھے، دیگر بیٹرز میں عامر جمال 35 اور حسن نواز 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، بلوچستان کی طرف سے حسین طلعت نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔