مریم صفدر کسی کی زیرکفالت نہیں، وہ اپنے ڈکلیئرڈ اثاثوں کے ٹیکسز ادا کرتی ہیں
وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو
اسلام آباد ۔ 7 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ مریم صفدر کسی کی زیرکفالت نہیں اور وہ اپنے ڈکلیئرڈ اثاثوں کے ٹیکسز ادا کرتی ہیں۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے وکلاءنے سپریم کورٹ میں دستاویزی شواہد پیش کئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ مریم صفدر کسی کی زیرکفالت نہیں اور وہ ٹیکسز ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عدالت میں کسی قسم کے دستاویزی شواہد پیش نہیں کئے، پی ٹی آئی کو اپنے الزامات کے حوالے سے شواہد عدالت میں پیش کرنے چاہئیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاست کرنے کےلئے حکومت پر بے بنیاد الزام تراشی کی حکمت عملی وضع کی ہے۔ 2013ءکے عام انتخابات میں شکست کے بعد سے پی ٹی آئی کرپشن اور دھاندلی کے بے بنیاد الزامات پر سیاست کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کریں اور پوائنٹ اسکورنگ کےلئے بے بنیاد تنقید سے گریز کیا جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32560