اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مزید اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کارگر ثابت ہوں گے، پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے ۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرپرسن کانگریس ویمن شیلا جیکسن، رکن کانگریس تھامس سوازی اور پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم پر مشتمل امریکی وفد نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر اعظم خان سواتی اور سینیٹر دلاور خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے اراکین کانگریس کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اوروفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔چیئرمین سینیٹ نے امریکی وفد کو حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے امریکی تعاون پر شکر گزار ہیں،موجودہ صورتحال میں یو ایس ایڈ کی سیلاب متاثرین کے لئے امداد نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ پاک، امریکہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ملک و بالخصوص بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونی والی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین سینیٹ نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو بلوچستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ اور دیگر فلاحی اور ریلیف کے ادارے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے آگے بڑھیں تاکہ بلوچستان میں بحالی کے کام کو تیز کیا جا سکے-
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مزید اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کارگر ثابت ہونگے۔ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال میں امن امان کے قیام کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ نے پاک، امریکہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صحت، سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے تعاون ناگزیر ہے۔ امریکی وفد نے حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی امداد جاری رکھیں گے۔ امریکی وفد نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
بعدازاں امریکی وفد کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سیلابی صورت حال پر امریکی امداد کے شُکر گزار ہیں۔اس سال شدید سیلاب کی وجہ سے پندرہ سو افرادجا ں بحق ہوئے،گھر، سڑکیں اور اسکولز تباہ ہو گئے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ تمام مشکلات کو موقع کے طور پر لیتے ہوئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ ترقی یافتہ ممالک پاکستان کی مدد کے لئے آگے آئیں۔
سینیٹ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے سبب سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کی چیئرپرسن کانگریس وومن شیلا جیکسن نے عشا ئیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے خوبصورت ملک میں خوش آمدید کہنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں ،ہم سیلاب سے جانی اور مالی نقصان پر پاکستانی قوم سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان میں تباہ شدہ گھر دیکھ کر بہت دُکھ ہواہے۔پاکستانی افواج اور حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بہترین کوششیں کی ہیں۔ وہ واپس امریکہ جا کر پاکستان کے لئے مزید امداد کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں خواتین کی نمائندگی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ سینتیس ہزار فل برائٹ سکالرز پاکستان میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔شیلا جیکسن کا مزید کہنا تھا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے مقابلے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاک، امریکہ تعلقات کا مستقبل روشن ہے۔ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کا کردار بہت مثبت رہا ہے۔ عشائیہ کی تقریب میں سینیٹرنصیب اللہ بازئی، سینیٹر فیصل سلیم رحمان، سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر بیرسٹر علی ظفر بھی موجود تھے۔