آئیے عہد کریں کہ ہم اپنے اتحاد کے ذریعے تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کو شکست دیں گے، انجینئر امیر مقام کا پیغام

131
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی فلاح و بہبود اور پاکستان کی ترقی کے گرد گھومتی ہے ، انجینئر امیر مقام

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔یوم دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آئیے عہد کریں کہ ہم اپنے اتحاد کے ذریعے تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کو شکست دیں گے جیسا کہ ہم نے 1965 میں کیا تھا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاک فوج اور پوری قوم نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج کے افسران اور جوان ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ ملکی دفاعی تاریخ کا ایک شاندار باب ہے، پاک فوج نے ہر محاذ پر بہادری کی شاندار مثالیں قائم کیں۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ قوم کو ایک بار پھر قومی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے 1965 میں مادر وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں۔وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے 1998 میں جب ایٹمی تجربات کرنے کا فیصلہ کیا تو ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔

مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم نواز شریف کے جرات مندانہ موقف نے 1998 میں مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہےجس سے ملکی دفاع بھی مزید مضبوط ہو گا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف خود ملک بھر کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبوں کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے خصوصی گرانٹس کا اعلان بھی کیا ہے جو کہ انتہائی قابل تحسین اقدام ہے۔