چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹرز کا سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

173
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹرز کے وفد نے بدھ کو سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے بے گھر افراد کے کیمپوں کا دورہ کیا ۔اس دوران مقامی انتظامیہ کی جانب سے موجودہ صورتحال پر چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد نے بلوچستان میں جعفرآباد، اوستہ محمد، صحبت پور، ڈیرہ مراد، کندھاوا جھل مگسی اور جیکب آباد، شیران پور محمد فہد تھہیم کے گاؤں جو سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں کا ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی مشاہدہ بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ وفد نے میڈیکل کیمپ کے ساتھ ساتھ بزرگوں کے لیے شیلٹر اور بچوں کے لیے بنائے گئے ایک عارضی تعلیمی مرکز کا بھی دورہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ اور ان کا وفد سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں جاننے اور ذاتی طور پر متاثرین سے ملنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے یہاں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ پارلیمنٹ بھی سیلاب کے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں مدد کر سکے۔ وفد کو جیکب آباد میں پی اے ایف بیس شہباز کے کمانڈنگ آفیسر نے امدادی عمل کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ امدادی سامان کی بروقت فراہمی کے عمل کو مربوط کرنے میں پی اے ایف کے کردار کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان کی مسلح افواج اور فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کو سڑک اور فضائی راستے سے فوری امداد فراہم کی گئی، اس طرح جانیں بچانے اور بے گھر ہونے والے افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں مدد ملی۔ وفد میں سینیٹرز مولانا غفور حیدری، مشاہد حسین سید، ثناء جمالی، پرنس عمر آف قلات، نصیب اللہ بازئی اور محمد فہد تھہیم آف جیکب آباد شامل تھے۔