وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاک فوج اور غیر سرکاری ادارے متاثرین کی مدد و بحالی کے لئے مربوط انداز میں کام کررہے ہیں ،چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

98
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

کوئٹہ۔7ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے بلوچستان اور سندھ میں بڑے پیمانے پر انفرا اسٹریکچر تباہ ہوا ہے جس کی بحالی میں وقت لگے گا ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاک فوج اور غیر سرکاری ادارے متاثرین کی مدد و بحالی کے لئے مربوط انداز میں کام کرر ہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ و بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع ڈیرہ مراد جمالی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید ، سینٹر نصیب اللہ بازئی ، بی اے پی بلوچستان کے رہنماء بابو یار محمد لہڑی اور ڈویژن و ضلعی انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہےسیکٹروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں اور گھر منہدم ہوئے تاہم نقصانات کا حجم آفت کی شدت سے کم رہا اور لوگوں نے بروقت بچاؤ کے اقدامات کرکے جانی نقصان کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے حسب روایت اس کڑے وقت لوگوں کو ریسکیو کرکے قیمتی انسانی جانیں بچائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آفت کے وقت میں مقامی انتظامیہ نے بھی متحرک کردار ادا کیا جس پر انہیں سراہتے ہیں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مدد و بحالی کے امور میں حکومت کے ساتھ ساتھ صاحب حیثیت اور مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد و بحالی کے لئے مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔