
شارجہ۔7ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف میچ کے ہیرو نسیم شاہ نے کہا ہے کہ مجھے یقین تھا کہ بڑی ہٹ لگا سکتا ہوں، یہ میچ میرے لئے یادگار رہے گا۔
بدھ کو شارجہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان کو افغانستان کے خلاف فتح دلانے والے نسیم شاہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں جب بیٹنگ کے لئے آرہا تھا تو مجھے یقین تھا کہ بڑی ہٹ لگا سکتا ہوں، جس طرح کی فیلڈنگ سیٹ کی تھی مجھے پتہ تھا کہ یارکر کی کوشش کرے گا، میں نے کوشش کی اور اس میں کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ بڑی ہٹ مارنے کے لئے نیٹ میں کافی پریکٹس کی تھی، مجھے یقین تھا کہ چھکے مار سکتا ہوں۔ آصف علی کے آئوٹ ہونے کے بعد ساری ذمہ داری مجھ پر تھی یہ میچ میرے لئے یادگار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میچ ہمارے لئے بہت اہم تھا، اس میں فتح کے بعد ہم فائنل کے لئے کوالیفائی کر سکتے تھے جس میں ہم کامیاب رہے۔