دبئی۔8ستمبر (اے پی پی):ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام یو اے ای میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا آخری میچ کل (جمعہ کو ) دبئی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیمیں پہلے ہی ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کر چکی ہیں۔ پاکستان کی ٹیم مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی زیر قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ آئی لینڈرز کو داسن شاناکا لیڈ کریں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے زیراہتمام ایشیا کپ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ہیں، 9 ستمبر بروز جمعہ کو سپر فور مرحلے کا چھٹا اور آخری میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور سری لنکن ٹیم سپر فور رائونڈ میں ناقابل شکست ہیں۔
پاکستان نے سپر فور مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں افغانستان کو ایک وکٹ سے مات دی۔سری لنکن ٹیم بھی سپر فور رائونڈ میں تاحال ناقابل شکست ہے ، آئی لینڈرز نے سپر فور کے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو 4وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت کو 6وکٹوں سے مات دی تھی اور دونوں ٹیمیں فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔