وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور سیکرٹری خارجہ سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب خصوصی نمائندہ برائے افغانستان کی ملاقات

124

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یو این اے ایم اے) کے قائم مقام سربراہ اور سیکرٹری جنرل کے نائب خصوصی نمائندہ برائے افغانستان مارکس پوٹزل نے جمعرات کو وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے عبوری افغان حکومت کے ساتھ (یو این اے ایم اے) سمیت عالمی برادری کی مستقل بات چیت ناگزیر ہے۔

انہوں نے انسانی اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں افغانستان کو درپیش اہم چیلنجوں سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایک پرامن، مستحکم، خوشحال، منسلک اور اقتصادی طور پر پائیدار افغانستان کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر مملکت نے اقوام متحدہ کے امدادی مشن کے قائم مقام سربراہ کو افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔

مارکس پوٹزل نے غیر ملکی سفارت خانوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے کارکنوں کے انخلا میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بھی اپنے نقطہ نظر کا اظہار کیا۔ اپنے دورے کے دوران قائم مقام سربراہ نے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے بھی ملاقات کی۔

سیکرٹری خارجہ نے پرامن اور مستحکم افغانستان اور افغان عوام کی فلاح و بہبود کی پاکستان کے لئے اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور عالمی برادری کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے ایک عملی نقطہ نظر اور تعمیری بات چیت ناگزیر ہے۔ قائم مقام سربراہ نے سیکرٹری خارجہ کو اقوام متحدہ کے امدادی مشن کی طرف سے اپنے مینڈیٹ کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

دونوں فریقوں نے افغانستان میں پائیدار امن اور سلامتی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ افغان عوام کی انسانی اور طویل مدتی اقتصادی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔