سی پیک پاک چین دوستی کا پرچم بردار اور اہمیت کا حامل منصوبہ ہے،موجودہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہرقسم کی سہولیات فراہم کرے گی،مفتاح اسماعیل

152

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ سی پیک پاک چین دوستی کا پرچم بردار اور اہمیت کا حامل منصوبہ ہے،موجودہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہرقسم کی سہولیات فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں چینی آئی پی پیز کو ادائیگیوں کے معاملے پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد جہانزیب خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، ظفرالدین محمود، سیکرٹری پاور، چینی آئی پی پیز کے سی ای اوز اور وزارت خزانہ اور پاور ڈویژنز کے سینیئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ملاقات میں پاکستان میں چینی آئی پی پیز کو بقایا اجات کی دائیگیوں کے معاملے اور ان کو درپیش دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا ایک اہم اور پرچم بردار منصوبہ ہے ،موجودہ حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے میں پر عزم ہے۔

انہوں نے چینی آئی پی پیز کے حکام کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تحفظات کو فوری طور پر دور کریں گے۔ وزیر خزانہ نے فنانس ،پاور ڈویژنز اورسی پیک کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو چینی آئی پی پیز کے ساتھ مستقل بنیادوں پر ملاقاتیں کرے گی تاکہ ان کے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔ چینی آئی پی پیز کے سی ای اوز نے مسائل حل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیرخزانہ کا شکریہ ادا کیا۔