اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں منعقد ہونے والی 3 روزہ آئی سی سی آئی پاکستان پراپرٹی، ہائوسنگ اینڈ کنسٹرکشن ایکسپو 22 کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا۔ ایکسپو 11 ستمبر 2022 تک جاری رہے گی۔
افتخار علی شالوانی، وفاقی سیکرٹری برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس، آذربائیجان، کرغزستان، پولینڈ، رومانیہ اور جنوبی افریقہ کے سفراء، چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، سابق صدور خالد اقبال ملک، زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، باصر دائود اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پراپرٹی، ہائوسنگ اور کنسٹرکشن سیکٹر کی تقریباً 100 کمپنیوں بشمول پارک ویو، جے 7 گروپ، 5 جی، اسٹار مارکیٹنگ، ایلان مارکیٹنگ، نووا سٹی، کریسنٹ لیک، ممتاز سٹی اور دیگر نے ایکسپو میں اپنے اسٹالز لگائے ہیں۔ احسن اقبال نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور ایکسپو میں نمائش کیلئے لگائے گئے پراجیکٹس کی تعریف کی۔ افتخار علی شالوانی، وفاقی سیکرٹری، وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس نے ایکسپو کے انعقاد پر آئی سی سی آئی کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس سے فائدہ اٹھا کر معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت اس سال دسمبر میں ایک ہائوسنگ ایکسپو کا انعقاد کرے گی اور اس شعبے کو فروغ دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ آئی سی سی آئی پراپرٹی، ہائوسنگ اینڈ کنسٹرکشن ایکسپو 22 کے انعقاد کا مقصد معیشت کی بحالی کے لیے اس شعبے کی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے ایکسپو کے انعقاد میں آئی سی سی آئی کے ساتھ تعاون کرنے پر وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس اور نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر حکومت بہتر توجہ دے تو ریئل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبہ معیشت کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔