وزیراعظم محمد شہبازشریف اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیوگوتریس کاسیلاب سےمتاثرہ اوستہ محمد،ضلع جعفرآبادمیں ریلیف کیمپ اورکیمپ میں قائم اسکول کادورہ،سیلاب متاثرین سےتبادلہ خیال

225
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کی حکومت اور عوام کی سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں اور کوششوں کے معترف

ڈیرہ اللہ یار ۔10ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے ہفتہ کو سیلاب سے متاثرہ اوستہ محمد، ضلع جعفرآباد میں ریلیف کیمپ اور کیمپ میں قائم اسکول کا دورہ کیااور سیلاب متاثرین سے تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم اور سیکرٹری جنرل کے کیمپ میں قائم سکول کے دورہ کے موقع پر بچوں نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

سیکرٹری جنرل نے اس موقع پر بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ بچوں کی تعلیم کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور وزیر اعظم کو بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہیں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بلوچستان میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں معمول سے بہت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں،سیلاب سے بلوچستان کا وسیع رقبہ متاثر ہوا،لائیو سٹاک زراعت ،ریلوے اور سڑکوں کو شدیدنقصان پہنچا۔سیلاب متاثرین کی بحالی صوبائی حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں، بلوچستان کے 5 اضلاع میں اس وقت بھی سیلابی پانی موجود ہے،بلوچستان حکومت نے متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا۔متاثرین کی بحالی کے لئے مالی امداد کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے,عالمی برادری اس صورتحال سے نکلنے کے لئے پاکستان کی مدد کرے۔وفاق صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کے لئے اقدامات کررہا ہے۔وزیر اطلاعت ونشریات مریم اورنگ زیب ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔