وفاقی وزیر داخلہ کی درخواست پر 5ہزار سے زائد پاکستانی زائرین کو فوری عراق داخلے کی اجازت مل گئی

381

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی درخواست پرعراقی ہم منصب نےایران عراق سرحد پر میں پھنسے ہوئے 5ہزار سے زائد پاکستانی زائرین کو فوری عراق داخلے کی اجازت دیدی، اربعین کے لئے خصوصی ویزہ پرمٹ جاری کرنے سمیت دیگرمسائل کے پائیدار حل کے لئے پاک عراق مشترکہ کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نےاپنے عراقی ہم منصب عثمان علی فردہودسے ٹیلیفونک رابطہ قائم کیا۔ 40 منٹ پر محیط گفتگو میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے پاکستانی زائرین کےویزااجراء میں تاخیر،ویزاتعداد میں اضافہ اور پاکستانی زائرین کوعراق داخلے میں درپیش مشکلات کے حوالے سے بات چیت کی ۔

انہوں نے ایران عراق سرحد پر پھنسے پانچ ہزار پاکستانی زائرین کو عراق داخل ہونے کی اجازت دینے،چہلم حضرت امام حسین کیلئے عراق جانے کے خواہشمند زائرین کو خصوصی ویزا اجراء اورعراق میں براستہ ایران داخل ہونے والے پاکستانی زائرین کیلئے ایران،عراق سرحد مستقل طور پر کھولنے کی درخواست کی۔

عراقی وزیر داخلہ عثمان علی فرہود کی طرف سے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی تمام تجاویز کا خیرمقدم کیا اور مطالبات کی فوری منظوری اوران پربلاتاخیر عملدآمد کی یقین دہانی کرائی۔وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی درخواست پرعراقی ہم منصب عثمان علی فرہودہ کا پاکستانی زائرین کیلئے تمام انٹری پوائنٹس کھولنے،عراقی سفارتخانے میں زیرالتواء پاکستانی زائیرین کی تمام ویزا درخواستوں پر فی الفورعملدرآمد اورعراقی وزیر داخلہ کا چہلم امام حسین کیلئے عراق جانے والے پاکستانی زائرین کیلئے بھی خصوصی ویزاسہولت دینے کا اعلان کیا ۔

اس ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان سے عراق جانے والے خواہشمندزائرین کیلئے ویزوں کی تعداد میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔دونوں وزراء داخلہ نے پاکستان،عراق تعلقات کے فروغ اور داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن بہتر بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے پراتفاق کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثناءللہ نے ایران عراق سرحد پر پھنسے پانچ ہزار پاکستانی زائیرین کو عراق داخلے کی فوری اجازت دینے ، ویزا درخواستوں پر فوری عملدرآمد اور تعداد میں اضافے اور اربعین کیلئے خصوصی ویزا پرمٹ جاری کرنے پر بھی اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے عراقی وزیر داخلہ عثمان علی فرہودہ کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔عراقی وزیر داخلہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور جلد پاکستان آنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا شکریہ ادا کیا۔