سپورٹس بورڈ نے پاک سری لنکا کا فائنل میچ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سکرین پر دکھایا

62

لاہور۔11ستمبر (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے اتوار کی رات ٹی 20ایشیاء کپ کا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونیوالا فائنل نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی100×20فٹ کی سکرین پر براہ راست دکھایا گیا، شائقین کرکٹ نے ہزاروں کی تعداد میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میچ دیکھا اور قومی ٹیم کی بھرپور حمایت کی، فائنل میچ کے دوران نیشنل ہاکی سٹڈیم پاکستان زندہ بادکے نعروں سے گونجتا رہا، فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی تھے، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات پنجاب راجہ منصور،اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹائون سونیہ صدف اور سپورٹس کی شخصیات بھی مو جود تھیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی20ایشیاء کپ کا فائنل براہ راست دکھانے کیلئے شائقین کرکٹ کو بہترین سہولیات فراہم کیں اور انہوں نے فائنل میچ جوش وخروش سے دیکھا ہے، ، ان کا مزیدکہنا تھا کہ کرکٹ سمیت ہر کھیل کو فروغ دے رہے ہیں، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں عوام نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیاہے

،اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، ایڈمنسٹریٹر نیشنل ہاکی سٹیڈیم ناصر ملک ودیگر بھی موجود تھے،ترجمان کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی 100×20فٹ کی ڈیجیٹل سکرین نصب کی گئی تھی جس سے شائقین کرکٹ فائنل میچ سے بہت محظوظ ہوئے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈھولچیوں نے بھی ماحول کو گرما دیا،نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کے لئے انٹری مفت تھی، عوام سر شام ہی سٹیڈیم پہنچنا شروع ہوگئے تھے، فیملیزکی بڑی تعداد نے بھی سٹیڈیم میں میچ دیکھا،شائقین کرکٹ نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سکرین پر میچ دکھانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آکر بہت خوشی ہوئی، اتنی بڑی سکرین پر پہلے کبھی بھی میچ نہیں دیکھا، بڑی سکرین کی وجہ سے میچ کا بہت لطف آیا ہے، ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سکرین پر میچ دکھانے پر سپورٹس بورڈ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔