اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کو تجویز دی ہے کہ تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی پاکستان کی حالیہ بحرانی صورتحال کو آئی پی یو کے آئندہ اجلاس میں ہنگامی ایجنڈا آئٹم کے طور پر شامل کیا جائے جو کہ کیگالی، روانڈا میں اس سال اکتوبر کے مہینے میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔
سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے 12 ستمبر 2022 کو صدر آئی پی یو کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ پاکستان کثیر الجہتی پارلیمانی پلیٹ فارم کے طور پر آئی پی یو کے کردار کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،اس مشکل وقت میں آئی پی یو کو آگے بڑھ کر پاکستان کی مزید مدد کرنی چاہیے۔ عالمی برادری کو ان ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہیے جو اس وقت موسمیاتی تبدیلی سےشدید نقصانات کا سامنا کر رہے ہیں۔
آئی پی یو کے صدر کے ساتھ حالیہ بات چیت کے دوران چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ آئی پی یو سب سے بڑی تنظیم ہونے کے ناطے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی پر ایک ورکنگ گروپ کی تشکیل کی تجویز بھی پیش کی تاکہ تمام رکن ممالک کو اس عمل میں شامل کیا جاسکے۔ آئی پی یو کے صدر نے اس تجویز سے اتفاق کیا تھا اور کیگالی کے اجلاس میں پاکستان کی حالیہ سیلابی صورتحال کو ہنگامی آئٹم کے طور پر شامل کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔
چیئرمین سینیٹ نے آئی پی یو کے صدر کی توجہ حالیہ سیلاب کی طرف بھی دلائی جس نے بے پناہ انسانی مصائب اور 1400 جانوں کا ضیاع کیا، ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا، 12 لاکھ گھر تباہ، مجموعی طور پر 33 ملین افراد متاثر ہوئے۔ اس سے پاکستان کو 10 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان بھی ہوا ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے کے بارے میں بھی خبردار کیا۔ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں انسانی مصائب واضح اور غیر متوازی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے خط میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اب انسانی ترقی کے عمل کو کئی دہائیوں تک پیچھے لے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 200 ملین لوگ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی، استحکام اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں علاقائی اور بین الاقوامی بین پارلیمانی تنظیموں کے کردار کے حوالے سے بین پارلیمانی تعاون کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور اس تعاون کو انسانی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی اہم امداد میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ دوست اور آئی پی یو کے رکن ممالک کو ان دنوں خطوط ارسال کر رہے ہیں تاکہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کی صورتحال کو آئی پی یو کے آئندہ اجلاس میں ہنگامی ایجنڈا آئٹم کے طور پر شامل کرنے کے لئے حمایت حاصل کی جا سکے۔