وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کااجلاس، ڈسکوز کے زیر انتظام نجی شعبے سے متعلق سمری پیش کی گئی

111

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت منگل کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کااجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے نجکاری/چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین بھیو، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے حکومتی افادیت ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ نجکاری کمیشن نے ڈسکوز کے زیر انتظام نجی شعبے سے متعلق ایک سمری پیش کی۔

سی سی او پی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ ڈسکوز (آئیسکو، فیسکو اور حیسکو) کے انتظام میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کرے۔ مزید پاور ڈویژن کو ہدایت کی گئی کہ وہ معروف فرم کے ذریعے ڈسکوز کے اثاثوں کی مکمل جانچ کرے اور کمپنیوں کی مالی معاملات کا جائزہ پیش کرے۔ نجکاری کمیشن نے سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی نجکاری پر کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی جانب سے تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔

کمیٹی نے 24 جون 2022 کو سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی ٹرانزیکشن کا جائزہ لینے کے لئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ ذیلی کمیٹی کے فیصلے میں ہوٹل کی زمین کی موجودہ قیمت کے حوالے سے پنجاب میں مقیم ویلیوئر، میسرز اے جے ویلیورز ایسوسی ایشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے آ ڈٹ کی گئی۔

سی سی او پی نے بحث کے بعد نجکاری کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ سمری وزارت قانون کے ذریعے پیش کرے۔ سی سی او پی نے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس (ایچ ای سی) کی لین دین کی بندش- نجکاری میں زیر التواء مسائل کو حل کرنے سے متعلق ایک سمری کو موخر کر دیا گیا ۔