اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ ملکی معیشت کے استحکام اور طویل مدت فوائد کے پیش نظر حکومت بڑے ڈیموں کی تعمیر وبحالی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جس سے پانی، خوراک اور توانائی کے تحفظ کے لیے ملک کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پانی کے شعبے میں بیرونی معاونت سے چلنے والے منصوبوں کی نگرانی کیلئے قائم قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشیدشاہ ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال ، وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم آفسکے نمائندوں،وزارت خزانہ اور صوبائی پی اینڈ ڈی محکموں اور بورڈ آف ریونیو کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ایشیئین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، امریکا، فرانس، جرمنی، سعودی فنڈ، کویت، اوراو ایف آئی ڈی ی مالی معاونت سے پانی کے شعبے کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلا س کوبتایاگیا کہ اس وقت پانی کے شعبے میں غیرملکی معاونت سے 3.354 ارب ڈالرمالیت کے 26 منصوبے زیر عمل ہیں۔
وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق نے نے پن بجلی اور پانی کے شعبہ کے ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اورکہاکہ ارزاں نرخوں پر بجلی کی پیداوار ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کے استحکام اور طویل مدت فوائد کے پیش نظر حکومت بڑے ڈیموں کی تعمیر وبحالی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جس سے پانی، خوراک اور توانائی کے تحفظ کے لیے ملک کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددملیگی۔
وفاقی وزیرآبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے متعلقہ محکموں کو منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کرنے اور اس حوالہ سے درپیش رکاوٹوں کودورکرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے تربیلا 5 توسیعی منصوبہ ، کیل خاور اور ہارپو پروجیکٹس سمیت منصوبوں کی جلد تکمیل کی ضرورت پرزوردیا اوران منصوبوں کومجوزہ نظام الاوقات میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔