کراچی۔17ستمبر (اے پی پی):قومی کرکٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ وائٹ بال کی بہترین ٹیم ہے ، میں نے انگلینڈ میں کاونٹی کھیلی ہے جس سے ان کی صلاحیت کا اندازہ ہوا ،انگلش ٹیم ہمیں یہاں پر چیلنج کرے گی ۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہفتہ کو ٹیم پریکٹس سیشن سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف اچھی تیاری ہوگی، پی ایس ایل اور انگلش کاؤنٹی میں رنز کرنے سے مجھے اعتماد ملا ، مکی آرتھر نے کائونٹی میں میری بہت مدد کی ۔
انہوں نے کہا کہ جب مجھے بیٹنگ کرنی ہوتی ہے تو زیادہ میچز کھیلنے میں مزہ آتا ہے، سترہ سال بعد انگلینڈ کی ٹیم کا آنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں ،پاکستانی فینز چاہتے ہیں بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز سے کھیلنے کا تجربہ بہترین تھا ،میں نے اپنے ساتھی کرکٹرز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکھنے کا عمل کبھی بھی نہیں رکتا ،میرا اگلا ہدف ٹی 20 فارمیٹ کے اسٹینڈرڈ کو میٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کرکٹر چاہتا ہے وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے ،جب آپ اتنے میچز کھیلتے ہیں تو آپ پر پریشر نہیں ہوتا، کوشش ہوگی اپنی جو خامیاں ہیں ان کو کم بیک کروں۔
انہوں نی کہا کہ کبھی ٹیم میں اتنا مقابلہ ہوتا ہے کہ موقع نہیں مل پاتا، میں ہمیشہ اپنے آپ کو ہر نمبر پر کھیلنے کےلیے تیار رکھتا ہوں ،زندگی میں ہمیشہ چیلنج کیا اور آگے بھی لیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں جب بھی ڈراپ ہوا میں اپنی غلطی سے ہوا، دنیا کا بہترین بلے باز اس وقت پاکستان ٹیم کا کپتان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کا بڑا پریشر ہوتا ہے ،پی ایس ایل میں ٹکٹ نہ ملنے پر گھر والوں کو مایوس کیا تھا۔ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے شان مسعود نے کہا کہ پلیئر کے ہاتھ میں محنت ہوتی ہے ،ہم صرف وہ کرتے ہیں، اس وقت پاکستان ٹیم بہت اچھے ہاتھوں میں ہے۔