ملک بھر میں سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1559 ہو گئی، مجموعی طور پر 12 ہزار 850 افراد زخمى ہوئے، این ڈی ایم اے

224

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):ملک بھر میں سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1559 ہو گئی جبکہ مجموعی طور پر 12 ہزار 850 افراد زخمى ہوئے۔ نيشنل ڈيزاسٹر مينجمنٹ اتھارٹى (این ڈی ایم اے) کى جانب سے حاليہ بارشوں و سيلاب سے ہونے والے نقصانات کى تازہ رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سيلاب کے نتیجے میں رونما ہونے والے مختلف واقعات میں ملک بھر میں مزيد 15 افراد زندگى کى بازى ہار گئے۔

گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران سندھ میں 15 افراد جاں بحق ہوئے جن میں میں 12 مرد، 3 خواتين اور 1 بچہ شامل ہے ۔ اس طرح ملک بھر میں اب تک کل 1559 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں 692،کے پى میں 306، بلوچستان میں 299 اور پنجاب میں 191 افراد جاں بحق ہوئے۔

علاوہ ازیں آزاد کشمير میں یہ تعداد 48 اور گلگت بلتستان میں 22 ريکارڈ کى گئى۔ ملک بھر جاں بحق ہونے والوں میں 690مرد، 318 خواتين اور 551 بچے شامل ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 14 جون سے اب تک کل 12 ہزار 850 افراد زخمى ہوئے ہیں ۔