سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی ابتدائی تفصیلی رپورٹ 15 اکتوبر تک تیارہوجائی گی،وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق

107

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی ابتدائی تفصیلی رپورٹ 15 اکتوبر تک تیارہوجائی گی جس سے نقصان کی حقیقی تصویر سامنے آئیگی۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کومربوط بنانے کیلئے قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں اقوام متحدہ، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، عالمی بینک، یو ایس ایڈ، وزارت خارجہ، وزارت صحت، بی آئی ایس پی، وزارت خزانہ، این ڈی ایم اے اور او سی ایچ اے، اوروزارت اقتصادی امور کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سٹیئرنگ کمیٹی وزیراعظم پاکستان نے تشکیل دی ہے۔انہوں نے کہاکہ سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بین الاقوامی امداد کی موثر فراہمی کے لیے حکومت پاکستان اور بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان بہتر ہم آہنگی قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان بارشوں اور سیلاب سے ملک کو درپیش تباہی کے ازالے کے لئے بھرپور مدد فراہم کرنے پر عالمی برادری کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان سیلاب متاثرین کو خوراک، رہائش، طبی سہولت، مچھر دانی وغیرہ کی فراہمی کے ساتھ فوری امداد فراہم کرنے کے پہلے مرحلے میں ہے،ہمیں اب بھی بحالی اور تعمیر نو کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کے لیے مزید امداد کی ضرورت ہے کیونکہ تباہی بے حد ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈیمیج نیڈز اسسٹنس رپورٹ 15 اکتوبر تک تیار ہو جائے گی جو سیلاب سے ہونے والے مجموعی نقصان کی مکمل تصویر فراہم کرے گی۔ اجلاس میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین، یو ایس ایڈ اور اقوام متحدہ سمیت ترقیاتی شراکت داروں نے اب تک فراہم کی گئی امداد کی تفصیلات شیئر کیں اور آنے والے دنوں میں مزید امدادکا وعدہ کیا ۔ اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں میں غذائی قلت کے بارے میں بریفنگ دی