وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی سے ملاقات

246
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی سے ملاقات

اقوا م متحدہ ۔21ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام رکن ممالک کی توقعات کے مطابق شفاف اور تعمیری بین الحکومتی مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت ہے، شدید بارشوں نے پاکستان کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفت کو جنم دیا، یہ تباہی پاکستان کی وجہ سے نہیں، اس پر دنیا کی حمایت کے مستحق ہیں۔

انھوں نے بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (پی جی اے) کے صدر سابا کوروسی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سابا کوروسی کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی موسمیاتی تباہی کے سدباب اور پائیدار بحالی و تعمیرنو میں معاونت کرے۔

وزیراعظم نے جنرل اسمبلی او ردیگر متعلقہ اداروں اور فورمز میں ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے گروپ 77 اور چین کی ، موجودہ سربراہ کی حیثیت سے، پاکستان کی حمایت کا بھی اظہار کیا۔ دنیا کو درپیش متعدد چیلنجوں کووڈ 19- وبا، معاشی کساد بازاری، موسمیاتی تبدیلی، متعدد پرانے اور نئے تنازعات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان سے ٹھوس ردعمل کی امید ظاہر کی۔

وزیراعظم نے پی جی اے کو جموں و کشمیر کے تنازعہ، افغانستان اور اسلامو فوبیا کے حوالہ سے پاکستان کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ پی جی اے کے صدر سابا کوروسی نے پاکستان کے ساتھ اپنی مکمل ہمدردی، یکجہتی اور تعاون کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تباہی پاکستان کی نہیں تھی اور پاکستان دنیا کی حمایت کا مستحق ہے، عالمی سطح پر پیدا کردہ مسئلہ کا حل بھی عالمی سطح پر ہونا چاہئے۔