لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور،قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں جبکہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کی بہتری کے لیے نہیں ہے، عمران خان جہاں بھی جا تے ہیں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر تے ہیں،
علامہ اقبال دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں، ہمیں اپنے ہیروز کو زندہ رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے، ایوان اقبال میں تمام کام جذبے کے تحت ہو رہے ہیں،ہمیں متحد ہوکر اپنی صلاحیتوں کے مطابق ایسے اداروں کے لیے کام کرنا چاہیے جو ا پنے قومی ورثہ اور ہیروز کو زندہ رکھنے کیلئے اہم کر دار کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں جو اپنی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے کام کرتے ہیں،سب کو مل جل کر اس میںاپنا حصہ ڈالنا چاہیے کیونکہ کوئی بھی انسان عقل کل نہیں ہوتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ایوان اقبال میں نیشنل سٹنیڈنگ کمیٹی برائے تعلیم و قومی ورثہ، ثقافت کے اجلاس سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہماری اتحادی حکومت ایوان اقبال جیسے اداروں میں مزید بہتری لا نے کے لئے بھر پور کوشش کر رہی ہے، علامہ اقبال دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں، ہمیں اپنے ہیروز کو زندہ رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنی ہے، ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں جو اپنی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے کام کرتے ہیںکیونکہ کوئی بھی انسان عقل کل نہیں ہوتا،سب کو مل جل کر اس کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے ۔
امیر مقام نے کہا کہ اس ادارے میں ابھی بھی کام کرنے کی بہت گنجائش موجود ہے جس کے لیے ہمیں شاعروں، ادیبوں اور دانشوروں کو شامل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایوان اقبال کی مزید بہتری کے لیے جو بھی تجاویز دی گئی ہیں ان کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس ادارے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،میری بھی خواہش ہے کہ میں اس ادارے کے لیے کام کروں،ایوان اقبال میں جو لوگ کام کر رہے ہیں وہ کسی شوق یا جذبے کے بغیر ممکن نہیں ۔
امیر مقام نے کہا کہ علامہ اقبال نے پوری دنیا کو فکر اور فلسفہ کی تعلیم دی، اس کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے ہر شہر ی کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کو شش ہے کہ پاکستانی ثقافت اور ہیروز کے متعلق جاننے کیلئے پوری دنیا کو مواقع فراہم کریں تاکہ پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر ہو سکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ملک آئین اور قانون کے مطابق چل رہا ہے تا ہم عمران خان کی خواہش پر نہیں چل سکتا ،جو ممبران عمران خان کے ساتھ ہوں وہ ٹھیک ہیں اگر وہی ممبران اس کو چھوڑ کر کسی اور پارٹی میں چلے جائیں تو وہ چور اور ڈاکو بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عوامی رائے کا احترام کرنا چاہیے، عمران خان جہاں بھی جا تے ہیں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں،توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کیس میں ان کا اور ان کی فیملی کا نام ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ اس کیس کا فیصلہ آ ئین اور قانون کے مطابق ہو۔
ایک اور سوال کے جواب میں امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سیلابی علاقوں کا دورہ کر کے مصیبت زدہ لوگوں کے مسائل کو کم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں جبکہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کی بہتری کے لیے نہیں ہے، وہ پاکستان کے تمام اداروں کے خلاف بول رہے ہیں،پنجاب ،کے پی کے ، بلوچستان اور سندھ میں لوگ سیلاب سے پریشان ہیں لیکن عمران خان کو صرف اپنی سیاست چمکانے کی فکر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایوان اقبال کے لیے کام کرنے والوں کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔اس موقع پر سٹینڈنگ کمیٹی کے رکن محمد حامد ایم این اے نے کہا کہ کہ پاکستان کے ہیروز کو ملک میںنمایاں مقام حاصل ہونا چاہیے جیسے ایوان اقبال میں علامہ اقبال کے متعلق سیمینارز منعقد ہو رہے ہیں،لاہور ائیرپورٹ کانام بھی علامہ اقبال کے نام سے منسوب ہے اسی طرح علام اقبال کا پورٹریٹ بھی لاہور ائیرپورٹ پر آویزاں ہونا چاہیے، ہمیں ایوان اقبال میں ہونے والی تمام سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر بھی چلانا چاہیے۔ قبل ازیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم ،قومی ورثہ وثقافت کا اجلاس مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرینہ مظہر نے کمیٹی ممبران کو ایوان اقبال کے اغراض و مقاصد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایم این اے مسز مہناز اکبر عزیز،نثار احمد چیمہ ،میاں نجیب الدین اویسی،مسز مسرت آصف خواجہ ،کرن عمران ڈار ،ثمینہ مطلوب ،شمیم آرا،مسرت رفیق مہسار،شازیہ صوبیہ،اسلم سومرو،عصمت اللہ ،فرخ خان ،محمد افضل خان ڈھانڈلہ ،محمد عبدالغفور وٹو،امیر طلال گوپانگ،مسز وجیہ قمر،جویریہ ظفرآہیر،عصمہ قدیر سمیت دیگرنے شرکت کی۔