اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ سے عالمی بینک کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ڈائریکٹر جان اے روم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ طارق بشیر چیمہ نے وفد کا خیرمقدم کیااور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ سیلاب نے زراعت کے شعبے کو تباہ کر دیا ہے اور کاشتکار برادری کو بہت نقصان پہنچایا ہے،اس وقت ہماری توجہ صرف متاثرہ علاقوں میں بحالی کی سرگرمیوں پر ہے تاکہ حالات کو معمول پر لایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی مدد کے لیے بیج اور کھاد پر سبسڈی دینے کا منصوبہ بنایا ہے،تجویز کے مطابق وفاقی حکومت کسانوں کو ربیع کے آئندہ سیزن کے لیے صوبوں کے ساتھ لاگت کے اشتراک کی بنیاد پر رعایتی امداد فراہم کرے گی، مجوزہ سبسڈی جلد وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہم آفت زدہ علاقوں میں کسانوں کو اس سبسڈی کے تحت گندم اور خوردنی تیل کے بیج اور کھاد کا ایک تھیلا فی ایکڑ فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کے ذریعے ان کو کسانوں تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سبسڈی کے بعد کسان دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس قومی ایمرجنسی کے دوران وفاقی حکومت صوبوں کے محکمہ زراعت کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔جان اے روم نے کہا کہ عالمی بینک ضرورت کی اس گھڑی میں متاثرہ کمیونٹی کی بحالی میں مدد کرے گا۔
انہوں نے سیلاب اور ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں کسانوں کی بحالی کے لئے لوکس ایمرجنسی اینڈ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کے تحت 2.2 ملین ڈالر خرچ کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کاشتکار برادری کی مدد کے لیے صوبائی محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے عالمی بینک گروپ کی مدد کو سراہا۔
جان اے روم نے کہا کہ وہ عالمی بینک کے گروپ بورڈ سے درخواست کریں گے کہ وہ پاکستان کے لیے امداد میں اضافہ کرے۔ایک اور اجلاس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن (ڈی پی پی) کو ہدایت کی کہ اس ماہ کے آخر تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیج اور کھاد کی فراہمی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرے۔
انہوں نے ٹڈی دل کے پھیلائو اور بیماریوں کی نگرانی کے لیے تکنیکی عملہ بھرتی کرنے کے لیے محکمہ کی درخواست کو بھی منظور کیا۔طارق بشیر چیمہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ٹڈی دل کے حملے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے ٹڈی دل کے افزائشی علاقوں کا سختی سے معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن اللہ دتہ عابد نے کہا کہ نگرانی کے عملے کی بھرتی اور گاڑیوں کی خریداری سے محکمے کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔