وفاقی وزیر مواصلات کا ڈیرہ اسماعیل خان سے ملتان قومی شاہراہ کا دورہ، تعمیر ومرمت کے کام میں سست روی کا نوٹس

178

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرمواصلات مولانا اسعد محمود نے قومی شاہراہ مظفرگڑھ تا میانوالی پر تعمیر ومرمت کے کام میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پراین ایچ اے کے جنرل منیجر محمد جہانگیر کو طلب کر لیا، ڈیرہ اسماعیل خان سے ملتان تک قومی شاہراہ کے ہنگامی دورہ کے دوران وفاقی وزیر نے سرائے مہاجر سے فتح پور روڈ کا بھی جائزہ لیا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے ڈیرہ اسماعیل خان سے ملتان تک کے سفر میں سرائے مہاجر سے فتح پور روڈ اور قومی شاہراہ مظفر گڑھ تا میانوالی پر ہونے والے تعمیر ومرمت کے کام میں سست روی دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اصلاح احوال کیلئے فوری طور پر این ایچ اے کے جنرل منیجرمحمد جہانگیر کو طلب کر لیا اور تعمیر ی عمل میں سست روی پر متعلقہ عملہ کی شدید سرزنش کی۔

اس دورے کے دوران وفاقی وزیر مواصلات کو جنوبی پنجاب میں سیلاب کی تازہ ترین صورت حال بارے این ایچ اے کے جنرل منیجر افتخار ساجد نے مفصل بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے یہاں سیلابی صورت حال سے بروقت نمٹنے پر این ایچ اے کے متعلقہ حکام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلوں سے کئی قومی شاہراہیں اور پل متاثر ہوئے ہیں، تاہم این ایچ اے کے انجنیئرز اور متعلقہ عملہ کی بروقت تعمیری کارروائیوں سے تعمیر ومرمت کا کام مکمل ہوا ہے۔

انہوں نے این ایچ اے کی جملہ کارکردگی کو بے حد سراہا۔ اس دوران وفاقی وزیر کو مقامی پوسٹ ماسٹر جنرل محمد شاہد جاوید نے بھی ادارہ کی جملہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر کو ڈی آئی جی موٹروے پولیس نے بھی اس قومی شاہراہ پر چلنے والی ٹریفک کی صورت حال سے آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیرمواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے اطمینان کا اظہار کیا۔