اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رشوت ستانی کی روک تھام سے متعلق کنونشن تک رسائی کے لئے پاکستان اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کے طریقہ کار اور معیار پر پورا اترنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے او ای سی ڈی کے سیکریٹری جنرل اینجل گوریا سے پیرس میں دوطرفہ ملاقات میں کیا۔ یہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ان کی دوسری ملاقات تھی۔ وزیر خزانہ نے او ای سی ڈی کے سیکریٹری جنرل کو بتایا کہ ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت بارے او ای سی ڈی کے کثیر الجہتی کنونشن میں شمولیت کی پاکستانی کابینہ نے توثیق کی ہے۔ پاکستان نے 14 ستمبر 2016ءکو اس کنونشن پر دستخط کئے تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کابینہ نے انہیں اوپن گورنمنٹ پارٹنر شپ کی رکنیت کے لئے کام کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے او جی پی میں شمولیت کے لئے پاکستان کی اظہار آمادگی کا خط او جی پی گلوبل سمٹ میں فرانسیسی صدر کے حوالے کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32936