سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ، متاثرہ اضلاع میں ہیلتھ کیمپس لگانے کا سلسلہ جاری ہے، وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل

143
عبد القادر پٹیل

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ہیلتھ کیمپس لگانے کا سلسلہ جاری ہے، متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

منگل کو وزارت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے صحت کی سہولیات کی تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب میں 48 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں 16 ، پنجاب کے دو اضلاع میں 4 ، بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14 اور سندھ کے 10 اضلاع میں 14 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر5542 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی،پانچ سال سے کم عمر 1152 بچوں کو طبی امداد دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیمپس میں 599 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے اور 292 بچوں کو حفاظتی ٹیکے بھی لگائے گئے ہیں۔