نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ کی کل لاگت 2.9ارب روپے تھی ،مئی 2018 تک 2.2 ارب خرچ ہو چکے تھے،احسن اقبال

156

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ کی کل لاگت 2.9ارب روپے تھی ،مئی 2018 تک 2.2 ارب خرچ ہو چکے تھے،نیب کیس کی وجہ سے منصوبہ پہ 2018 سے کام روک دیا گیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ کا جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ، سپورٹس بورڈ کے حکام اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبہ کی کل لاگت 2.9ارب روپے تھی مئی 2018 تک 2.2 ارب خرچ ہو چکے تھے۔نیب کیس کی وجہ سے منصوبہ پر 2018 سے کام روک دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ نیسپاک نے رپورٹ پیش کی کہ بقایا 78 کروڑ روپے کی بجائے منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے اب 2.9 ارب روپے درکار ہوں گے۔ تاخیر کی وجہ سے کنٹریکٹر کلیمز اور قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے منصوبے پر 2.2 ارب روپے کی اضافی لاگت آ ئے گی۔ 2.2 ارب کی اضافی لاگت کا کون ذمہ دار ہے؟

احسن اقبال نے کہاکہ عمران نیازی اور سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال سے وصول کیا جانا چائیے۔ منصوبہ کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا کر ملک کا اربوں روپے کے نقصان کا کروایا گیا۔منصوبے کو چھ ماہ میں مکمل کیا جائے۔ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ملک میں ایسے درجنوں منصوبے بنائیں گے۔