33.2 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںکسانوں کی سہولت کیلئے فصلوں کی انشورنس کا خود کفیل ماڈل تیار...

کسانوں کی سہولت کیلئے فصلوں کی انشورنس کا خود کفیل ماڈل تیار کیا جائے،میڈیا کے ذریعے کسانوں کو فصل بیمہ کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت فصلوں کی انشورنس سے متعلق سٹیک ہولڈرز کا اجلاس

- Advertisement -

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انشورنس کمپنیوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ کسانوں کی سہولت کیلئے فصلوں کی انشورنس کا خود کفیل ماڈل تیار کیا جائے،میڈیا کے ذریعے کسانوں کو فصل بیمہ کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں فصلوں کی انشورنس سے متعلق سٹیک ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینیٹر ثانیہ نشتر، وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی، وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں اور دیگر نے شرکت کی۔

- Advertisement -

صدر مملکت نے کہا کہ کسانوں کے لئے ایک مکمل سوچی سمجھی، عملی اور دوستانہ جامع حکمت عملی طے کی جائے جس کے لئے نجی اور سرکاری شعبوں کے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کاشتکاروں کو آسان طریقہ کار کے تحت فصلوں کی انشورنس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو فصلوں کی خرابی اور انسانی ساختہ و قدرتی آفات سے فصلوں کے نقصان سے بچانا پاکستان کے لئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بہت ضروری ہے کیونکہ زراعت پاکستان کی معیشت کا سب سے بڑا شعبہ ہے اور ہماری آبادی کی ایک بڑی تعداد کا بالواسطہ یا بلاواسطہ انحصار اس شعبہ پر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ان 10ممالک میں شامل ہے جو گلوبل وارمنگ سے پیدا ہونے والی قدرتی آفات کا سب سے زیادہ خطرہ رکھتے ہیں اور اس رجحان کی وجہ سے کسانوں کو بار بار سیلاب، طویل خشک سالی، غیر متوقع موسمی حالات اور کیڑوں کے حملوں کے باعث اکثر نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے ایک جدید ترین سیٹلائٹ امیجری پر مبنی موسم کی پیشن گوئی کا نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو درست پیشنگوئی بالخصوص سیلابوں کے بارے میں قیمتی اور مستند ڈیٹا فراہم کرنے کے قابل ہو تاکہ کسانوں کو فصلوں کی تباہی سے بچنے کے لئے قیمتی معلومات میسر ہو سکیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فصلوں کی انشورنس کے حوالے سے قابل عمل حل تجویز کرنے کے لئے مختلف سٹیک ہولڈرز کا ایک تکنیکی ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=331035

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں